حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے ایک ایسے شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو کرایہ پر حاصل کی گئی کاریں او ایل ایکس کے ذریعہ فروخت کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ 31 سالہ پی سری بالا ومشی کرشنا متوطن وجئے واڑہ نے سابق میں ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کی تھی لیکن وہاں سے ملازمت ترک کرنے کے بعد وہ آن لائن بیٹنگ اور گھوڑے کی ریس کا عادی ہوگیا۔ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے اس نے سیلف ڈرائیونگ کیلئے کاریں کرایہ پر حاصل کرنا شروع کیا اور ان کاروں کو بذریعہ او ایل ایکس فروخت کرنے لگا۔ دھوکہ باز ومشی کرشنا نے مختلف بینکس کے نو آبجکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) تیار کی ہے اور اس کے ذریعہ وہ کاریں فروخت کررہا تھا۔ ومشی کرشنا نے جملہ 8 کاریں کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے فی کار 3 تا 5 لاکھ روپئے میں فروخت کردیئے تھے اور اس دھوکہ دہی کے ذریعہ 30 لاکھ سے زائد کی رقم حاصل کی تھی۔ کار کے مالکین نے بنجارہ ہلز، میرپیٹ اور حبیب نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین علحدہ مقدمات درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس بنجارہ ہلز نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے مسروقہ کاریں برآمد کرلیں اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔