کراچی میں گذشتہ روز کی موسلا دھار بارش کے بعد جہاں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا،وہیں مختلف واقعات میں 11 افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔کراچی میں گذشتہ روز بارش ہوتے ہی شہر کے بیشترعلاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہونے سے گھروں کو جانے والے افراد گھنٹوں گاڑیوں میں پھنسے رہے۔ بارش کا پہلا چھینٹا پڑتے ہی بجلی بھی غائب ہوگئی۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق 92 فیڈرز ٹرپ ہونے سےمختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں فنی خرابی بجلی جانے کی وجہ بنی۔بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے سرجانی ٹاؤن،بلدیہ اتحاد ٹاون،شیرشاہ ، ملیر غازی گوٹھ،ماڑی پور اور مچھرکالونی میں دو بچوں سمیت دس افراد جاں بحق ہو ئے، لانڈھی کے لیبر اسکوائر میں ایک بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔