کراچی میں دھماکہ : 2 افراد ہلاک ۔ 7 زخمی

کراچی 4 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کراچی کے علاقہ صدر میں آج ایک بم دھماکہ کے نتیجہ میں کم از کم دو افراد ہلاک اور سات دوسرے زخمی ہوگئے ۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب مشتبہ خود کش بمبار ایک موٹر سائیکل پر دھماکو مادہ لے جا رہا تھا اور اس کا دوسری گاڑی سے ٹکراؤ ہوگیا ۔ اڈیشنل آئی جی پولیس غلام قادر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جب مکی مجسد کے قریب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت خود کش بمبار یہ دھماکو مادہ کسی دوسرے مقام کو منتقل کر رہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ بہتر بات یہ رہی ہے کہ اس میں زیادہ ہلاکتیں نہیں ہوئی کیونکہ یہ دھماکہ پارکنگ پلازا سے کچھ دوری پر کھلی سڑک پر ہوا اور یہ کم شدت کا دھماکہ تھا ۔ ماہ رمضان المبارک کی وجہ سے دھماکہ کے وقت اس مقام پر کافی ہجوم تھا ۔ سرکاری جناح ہاسپٹل میں ایک ڈاکٹر کی توثیق کی کہ دواخانہ کو دھماکہ کے مقام سے دو نعشیں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سات دوسرے افراد بھی زخمی ہوکر یہاں علاج کیلئے شریک کروائے گئے ہیں۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ ایک عسکریت پسند ایک موٹر سائیکل پر یہ دھماکو مادہ کسی اور مقام کو منتقل کر رہا تھا کہ دوسری گاڑی سے ٹکرا گیا اور دھماکہ ہوگیا ۔ سکیوریٹی عملہ نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کردی ہے اور بم کو ناکارہ بنانے والے عملہ کو بھی طلب کرلیا گیا ۔