کراچی ایرٹریفک کی غلط اطلاع ایرانڈیا طیارہ کا امکانی حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایرٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی غلط اطلاع فراہم کرنے کی وجہ سے ایرانڈیا کے ڈریم لائنر طیارہ کا فضاء میں امکانی سانحہ ٹل گیا۔ یہ طیارہ لندن سے ممبئی آرہا تھا۔ ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے صدرنشین الوک سنہا نے انڈین ایوی ایشن شو کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی سنگین واقعہ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں ایسی غلط اطلاع کی بالکلیہ توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہنوز یہ فیصلہ نہیں کیا ہیکہ اس مسئلہ کو کس سطح پر اٹھایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ممبئی آرہے ایرانڈیا کے طیارہ AI 130 کے پائلیٹ کو کراچی ایرٹریفک کنٹرول نے غلط فریکوئنسی دی جس کی وجہ سے طیارہ کا راستہ تبدیل ہوسکتا تھا اور یہ دبئی سے آرہے فلپائن کے کیبو ایرلائن سے کافی قریب پہنچ چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اے ٹی سی نے ممبئی اے ٹی سی کو متوقع آمد کے وقت کے بارے میں غلط اطلاع دی جس کی وجہ سے ایرانڈیا اور کیبو طیارے کے مابین وقت کا فرق بالکل کم ہوگیا تھا۔ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا اور ہندوستان نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ عہدیداروں نے یہ نہیں بتایا کہ اس طیارہ میں کتنے مسافرین سوار تھے۔