کیس دستاویزی ثبوت پر مبنی، ملزم کو قید رکھنے کا فائدہ نہیں : عدالت
نئی دہلی ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے سابق پرنسپل سکریٹری راجندر کمار جنہیں کرپشن کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، انہیں آج ایک خصوصی عدالت نے ضمانت عطا کردی اور کہا کہ انہیں جیل میں رکھنے سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوگا کیونکہ یہ کیس دستاویزی ثبوت پر مبنی ہے۔ تاہم انہیں یہ راحت اس انتباہ کے ساتھ دی گئی کہ وہ نہ تو کوئی گواہ سے رابطہ کی کوشش کریں گے اور نہ ہی کیس میں جاری تحقیقات پر اثرانداز ہوں گے اور عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپئے کا شخصی مچلکہ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ خصوصی سی بی آئی جج اروند کمار نے کہاکہ ملزم دہلی کا ساکن ہے اور سوسائٹی میں مقام کا حامل ہے۔ یہ ملزم 23 یوم سے تحویل میں ہے۔ اسے اسی طرح سلاخوں کے پیچھے برقرار رکھنے سے کچھ فائدہ ہونے والا نہیں۔ اس لئے مجموعی حقائق اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کو شخصی مچلکہ اور اس کے مساوی شخصی ضمانت پیش کرنے پر راحت عطا کی جاتی ہے۔
دہلی آٹو ہڑتال میں بی جے پی کا ہاتھ : عاپ
نئی دہلی ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت شہر نئی دہلی کے آٹو اور ٹیکسی یونینوں نے آج ایپ پر مبنی ٹیکسی سرویسیس کے خلاف غیرمعینہ مدت کی ہڑتال شروع کردی، جس کے سبب ہزاروں مسافرین کو مشکلات پیش آئیں جبکہ عام آدمی پارٹی حکومت نے اس احتجاج کے پس پردہ بی جے پی کی سرپرستی ہونے کا الزام عائد کیا۔ شہریوں کو مختلف جگہوں پر پھنس جانا پڑا جیسا کہ ریلوے اسٹیشنوں، ایرپورٹ اور میٹرو اسٹیشنوں پر اس ہڑتال کے سبب آمدورفت کے ذرائع مفقود ہوگئے۔ 20 آٹو اور ٹیکسی یونینوں کی تشکیل شدہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر یہ ہڑتال ہورہی ہے۔ وزیرٹرانسپورٹ ستیندر جین نے اس ہڑتال میں بی جے پی کا ہاتھ ہونے کا دعویٰ کیا۔