کجریوال کی کار پر حملہ کی شکایت درج

بھاچاؤ (کچھ) 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کچھ پولیس نے آج فساد بھڑکانے کا 40 تا 50 افراد کے ایک ہجوم پر الزام عائد کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کرلیا۔ اِس ہجوم نے مبینہ طور پر عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال کے قافلہ کو کل شام روک کر اُن کی کار پر حملہ کردیا تھا۔ یہ واقعہ ضلع کچھ کے تعلقہ بھاچاؤ کے دیہات خروہی میں پیش آیا تھا۔ مقامی کرائم برانچ کے ای ایس آئی جے ایس سولنکی نے فساد بھڑکانے اور خانگی جائیداد کو نقصان پہنچانے کا ایک ہجوم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 40 تا 50 نامعلوم افراد خروہی کے چوراہوں پر جمع ہوگئے تھے اور نعرہ بازی کررہے تھے۔ بعدازاں اُن میں سے ایک نے کار پر حملہ کیا اور کوئی شئے استعمال کرتے ہوئے اُس کا ونڈ شیلڈ توڑ دیا۔ تاہم شکایت میں کسی کا بھی نام درج نہیں ہے نہ بی جے پی کا اور نہ کجریوال کا۔ عام آدمی پارٹی قائد اور اُن کی ٹیم کے ارکان گجرات کی ترقی کے حقائق سے واقفیت حاصل کرنے کے دورہ پر ہیں۔