نئی دہلی ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال کے خلاف دہلی کی ایک عدالت نے بی جے پی قائد نتن گڈکری کی داخل کردہ شکایت کی بناء پر ہتک عزت کے الزام مقدمہ کا آغاز ہوگیا۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گومتی منوشا نے قانون فوجداری کی دفعہ 251 کے تحت کجریوال کو نوٹس جاری کردی اور مقدمہ کی سماعت گڈکری کی گواہی اور دیگر گواہوں کے بیانات درج کرنے کیلئے 2 اگست تک ملتوی کردیں۔ عدالت نے کجریوال پر فردجرم عائد کرنے کے بعد سابق چیف منسٹر دہلی کی جانب سے مقدمہ کے سلسلہ میں کجریوال سے دریافت کیا کہ کیا ان سے منسوب ہتک عزت کا بیان درست ہے۔ انہوں نے اپنے الفاظ واپس لینے سے انکار کردیا۔ 30 جنوری 2014ء کو ان کے خلاف نتن گڈکری نے شکایت درج کروائی تھی کہ ذرائع ابلاغ کو کجریوال نے بیان دیا تھا کہ وہ ایک بدعنوان سیاستداں ہے اور عوام دیکھیں گے کہ انہیں اس کو ووٹ دینا ہے۔ عدالت نے کجریوال کے اپنا بیان واپس لینے سے انکار کے بعد ان کے خلاف فردجرم عائد کرنے کا حکم دیا اور اس کے بعد مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی۔