عاپ سربراہ کی معذرت سے بی جے پی لیڈر کے اتفاق کے بعد ہائیکورٹ کا فیصلہ
نئی دہلی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی طرف سے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کے خلاف دائر کردہ 10 کروڑ روپئے کے ہتک عزت کے مقدمہ کو ان (کجریوال) کے اظہار معذرت کے بعد آج بند کردیا۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دیگر پانچ افراد کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمہ کی سماعت کے دوران بھری عدالت میں کجریوال کے وکیل رام جیٹھ ملانی کی طرف سے جیٹلی کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال اور بدکلامی کے بعد اُنھوں (جیٹلی) نے ہتک عزت کا یہ دوسرا مقدمہ دائر کیا تھا۔ جسٹس منموہن نے جیٹلی اور کجریوال کی طرف سے مشترکہ طور پر پیش کردہ درخواست تصفیہ کی سماعت کے دوران کجریوال کی طرف سے معذرت خواہی کے اظہار اور اس سے جیٹلی کے اتفاق کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ اس عدالت نے دونوں قائدین کے تحریری اقرار نامہ کو قبول کرلیا اور درخواست تصفیہ کے مطابق مقدمہ کی یکسوئی کردی۔ دوران سماعت کجریوال کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے انوپم سریواستوا ایڈوکیٹ نے عدالت سے کہاکہ اس مسئلہ کو حل کرلیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر کی معذرت خواہی سے بی جے پی لیڈر نے اتفاق کرلیا ہے۔ جیٹلی کی پیروی کرتے ہوئے دو وکلاء راجیو نیّر اور مانک ڈوگرا نے بھی کہاکہ فریقین نے تنازعہ کی یکسوئی کرلی ہے۔