کجریوال کا دورۂ گجرات اچانک منسوخ

دباؤ کیلئے بی جے پی حکومت پر عام آدمی پارٹی کا الزام
احمدآباد۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عاپ) کنوینر اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کا آئندہ ہفتہ مقررہ دورۂ گجرات منسوخ کردیا۔ ان کی پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ریاستی (گجرات) حکومت کے دباؤ کے تحت تاجرین کی اس تنظیم نے اپنی دعوت سے دستبرداری اختیار کرلی جو انہیں سورت مدعو کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے ریاستی سربراہ کانو کلساریہ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’سورت دیہا پاری مہا منڈل نے اروند کجریوال جی کو تہنیت کی پیشکشی اور خطاب کیلئے 10 جولائی کو سورت مدعو کیا تھا۔ کجریوال جی 9 جولائی کو سومناتھ مندر میں پوجا کے ساتھ 2017ء کے گجرات اسمبلی انتخابات کیلئے اپنی پارٹی کی مہم شروع کرنے والے تھے اور دوسرے دن 10 جولائی کو سورت آنے کی تاریخ دی تھی‘‘۔ کلساریہ نے کہا کہ ’’دعوت سے کجریوال کے اتفاق کے بعد تنظیم نے اس تقریب کیلئے ساؤتھ گجرات یونیورسٹی کا (ویرندمد) ہال بُک کرلیا تھا‘‘۔