کجریوال کا براری ٹرانسپورٹ اتھاریٹی آفس کا دورہ

نئی دہلی ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے خلاف کئی شکایات کی موصولی کے بعد وزیراعلیٰ دہلی آنند کجریوال نے اچانک براری ٹرانسپورٹ اتھاریٹی آفس کا دورہ کیا اور آفیسرز کو ہدایات جاری کیں کہ شہر میں اس طرح کے مزید سنٹرز کھولے جائیں۔ دہلی ٹرانسپورٹ منسٹر کیلاش گہلوٹ اور محکمہ کے سینئر آفیسرز کے ساتھ بشمول ٹرانسپورٹ کمشنر مسز ورشا جوشی کے ہمراہ اپنے دورہ میں کجریوال نے آٹورکشا ڈرائیورز اور دوسرے تجارتی گاڑیوں کے مالکوں سے ان کی شکایات سنیں۔ بعدازاں کجریوال نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر گاڑیوں کی ٹسٹنگ کیلئے طویل وقت لیا جاتا ہے چنانچہ اس کو غیرمرکوز کرکے شہر کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے فٹنس مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔