عام آدمی پارٹی کارکنوں اور ووٹروں سے معلومات کے بعد چیف منسٹر دہلی کا ٹوئٹ
نئی دہلی، 29اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب اور گوا اسمبلی انتخابات کے بعد دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی پارٹی (عاپ) کو ہوئی شکست کے بعد پارٹی میں ہرطرف سے ہونے والی نکتہ چینی پر چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج چار دن بعد خاموشی توڑتے ہوئے غلطی تسلیم کی ہے ۔ابھی تک الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو شکست کا سبب بتانے والے کجریوال نے کہا کہ میری گزشتہ دو دن کے دوران کئی پارٹی کارکنوں اور رائے دہندوں سے بات چیت ہوئی ہے اور حقیقت کا پتہ چلا ہے ۔ سچائی یہ ہے کہ ہم نے غلطیاں کی ہیں اور ہم احتساب کر کے اسے دورکرنے کی کوشش کریں گے ۔ کجریوال نے آج صبح ٹوئٹ کرکے کہا ’’وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی غلطیوں کو تسلیم کریں اور انہیں ٹھیک کرنے کی کوشش کریں۔ یہ کرنا ضروری ہے اور ہمیں غور خوض کرنا ہوگا، بہانے بنانے کا وقت نہیںہے ۔ اب کارروائی کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں پھر سے اپنے حقیقی کام میں لگ جانا ہوگا۔پارٹی کنوینر نے کہا کہ ہم سے وقتاً فوقتاً چوک ہوئی لیکن اہم بات یہ ہوگی کہ ہم خود کو پہچانیں اور پھر سے کھڑے ہوکر واپسی کریں۔
چیف منسٹر نے کہا اس شکست سے ان کی حکومت کے کام کاج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور پارٹی تبدیلی کے راستے پر آگے بڑھتی رہے گی اور دہلی کے عوام کو وہ سب دینے کی کوشش کرے گی جس کے وہ مستحق ہیں۔واضح رہے کہ 26 اپریل کو کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد پارٹی میں ہر طرف سے نکتہ چینی ہورہی ہے ۔ کل پارٹی کے اہم لیڈر اور بانی ارکان میں سے ایک کمار وشواس نے گزشتہ سال مرکزی حکومت کی سرجیکل اسٹرائک اور نوٹوں کی منسوخی کے فیصلوں پر پارٹی کے بیانات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں عوام نے شکست دی ہے ای وی ایم نے نہیں۔اس سے پہلے بھی پارٹی کے کئی لیڈر انتخابات میں ہوئی شکست پر اپنی ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔ دارالحکومت دہلی میں کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو صرف 48 سیٹیں ملی ہیں جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو 181 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔
کجریوال کاغلطی تسلیم کرنا نیا ڈرامہ منوج تیواری کا دعویٰ
نئی دہلی، 29اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی یونٹ کے صدر منوج تیواری نے چیف منسٹر اروند کجریوال کا غلطی تسلیم کرنے کو نیا ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت کے لوگ اب ان پر یقین کرنے والے نہیں ہیں۔غور طلب ہے کہ کجریوال نے کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کی کراری شکست پر چار دن بعد خاموشی توڑتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی لوگوں کے مسائل کو دور کرنے کے لیے کام کرتی رہے گی۔ تیواری نے آج کجریوال کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب چیف منسٹر کی کرسی پر خطرہ منڈلانے لگاتو وہ معافی مانگ رہے ہیں۔ ایسا پہلی بار نہیں ہے ۔ پہلے بھی کئی بار ایسا ہو چکا ہے ۔ کجریوال جان بوجھ کر غلطیاں کرتے رہے ہیں۔لوک سبھا چناؤ 2014 کے وقت بھی وہ ایسا کرچکے ہیں۔