نئی دہلی ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال آج تلک مارک میں واقع پولنگ بوتھ پر کافی دھوم دھڑاکے ساتھ پہنچے۔ ان کی آمد کے ساتھ ہی بوتھ کے باب الداخلہ کے باہر دو گاڑیوں میں ٹکر ہوگئی جس کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے خوف و دہشت کا عالم دیکھا گیا۔ اروند کجریوال آج تقریباً 10.30 بجے صبح اہلیہ ، والد اور والدہ کے ساتھ پولنگ بوتھ پہنچے ۔ عوام نے انہیں دیکھتے ہی چیخ و پکارشروع کردی اور شور شرابہ دیکھا گیا۔ راستہ گزرنے والے حیرت زدہ تھے کہ آخر کیا ہورہا ہے اور اسی عالم میں اچانک حادثہ پیش آیا۔ دو کاریں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں اور ان میں سے ایک کار ڈیوائیڈر کو توڑ کر آگے نکل گئی ۔ ان میں سے ایک کار میں کجریوال سوار تھے ۔ وہ خاموشی کے ساتھ اپنی گاڑی سے باہر نکلے اور رائے دہی سے استفادہ کیلئے پولنگ بوتھ میں داخل ہوگئے جبکہ میڈیا ان کا تعاقب کر رہا تھا۔
آج سے کجریوال کی پنجاب میں مہم
نئی دہلی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی سربراہ کجریوال کل سے تین روز کیلئے پنجاب میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ وہ امرتسر، ترنتارن اور گرداس پور میں روڈ شوز کریں گے۔