ونود کمار بنی وزارت اور لوک سبھا ٹکٹ کے خواہشمند تھے، کجریوال کا جواب
نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی میں پیدا شدہ اختلافات آج منظرعام پر آگئے جب ایک رکن اسمبلی ونود کمار بنیی نے دہلی حکومت پر اپنے انتخابی وعدہ اور اصولوں سے انحراف کرنے کا الزام عائد کیا اور اپنی ہی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کو ’جھوٹا‘ قرار دیا۔ ونود کمار بنی جو سابق کانگریسی ہیں۔ انہوں نے ڈسمبر میں کابینہ کی تشکیل کے موقع پر انہیں نظرانداز کئے جانے پر کھلے عام ناخوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔ کل ایک پریس کانفرنس میں اس پارٹی کو بے نقاب کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی دہلی کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے۔ تاہم اروند کجریوال نے اپنے رکن اسمبلی کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پہلے وہ وزارت کی خواہش کے ساتھ ہمارے پاس آئے تھے لیکن ہم نے ان کی خواہش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد وہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنا چاہتے تھے۔
وہ میرے گھر آئے اور لوک سبھا میں ٹکٹ کی خواہش کی تھی۔ تاہم پارٹی نے فیصلہ کیا ہیکہ تمام موجودہ ارکان اسمبلی کو لوک سبھا میں مقابلہ کیلئے ٹکٹ نہیں دیئے جائیں گے‘‘ لیکن ونود کمار بنی نے فوری طور پر کجریوال کے ان الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ انہوں نے کبھی بھی وزارت یا لوک سبھا ٹکٹ کی خواہش نہیں کی تھی۔ ونود کمار بنی نے کہا کہ اگر کجریوال نے ایسا کہا ہیکہ تو یہ سب سے بڑا جھوٹ ہے کہ میں نے ان کے پاس پہنچ کر لوک سبھا کا ٹکٹ مانگا تھا۔ میں نے کبھی بھی ان سے کوئی عہدہ نہیں مانگا۔ قبل ازیں اس رکن اسمبلی نے کہا کہ ان کی پارٹی کی حکومت کے طریقہ کار اور عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کے درمیان کافی تضاد ہے۔