کجریوال اپنے مقصد کیلئے غیرروایتی طریقہ اختیار کررہے ہیں: وجئے مالیا

نئی دہلی۔/11فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) یو بی گروپ کے صدر نشین وجئے مالیا نے آج کہا کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے غیر روایتی طریقہ کار اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعت کاروں کے خلاف بدنیتی اختیار نہیں کی جانی چاہیئے۔ مسٹر مالیا جو راجیہ سبھا کے رکن بھی ہیں کہا کہ آنے والے عام انتخابات کے تناظر میں چند سیاسی جماعتیں الزامات کی تجارت کررہی ہیں جس کی مٹھی بھر نمک جیسی بھی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کجریوال اپنے مقصد میں کامیابی کیلئے غیری روایتی طریقہ کار اختیار کررہے ہیں جبکہ صنعتوں کا احترام کیا جانا چاہیئے چونکہ یہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم ترین حصہ نبھاتی ہیں، ان کے ساتھ احترام اور وقار والا معاملہ کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریلائنس یا دوسری کمپنیاں اگر کسی نامناسب عمل یا غلطی کا مرتکب ہوئی ہیں تو ان کے ساتھ مناسب رویہ اور قانونی طریقہ اختیار کیا جانا چاہیئے۔

مسٹر مالیا جو ایوان پارلیمنٹ کے باہرذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے،کہا کہ تاہم وہ (وجئے مالیا) بدنیتی پرمبنی معاملے کی حمایت نہیں نہیں کریںگے۔شراب کے تاجر مسٹر مالیا سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی جانب سے وزارت پٹرولیم اور ریلائنس انڈسٹریز کے صدرنشین مکیش امبانی کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جانے کے فیصلہ پر ان کا کیا ردعمل ہے تو انہوں نے یہ بات کہی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا صنعت کاروں کے خلاف تحقیقات نہیں کی جانی چاہیئے؟ تو انہوںنے کہا کہ اگر اس معاملہ میں کسی غلطی کا ارتکاب کیا گیا ہے تو قانون کو اپنا کام کرنے دینا چاہیئے۔ قبل ازیں یہ وضاحت کئے بغیر کہ دہلی حکومت اس معاملہ میں عدالتی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے، کجریوال نے الزام عائد کیا کہ وزارت پٹرولیم نے ریلائنس انڈسٹریز کو فائدہ پہنچانے کیلئے موجودہ قیمت 4.2ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ سے بڑھا کر 8ڈالر فی ملین برٹش یونٹ کردیا گیا ہے۔