امرتسر، 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب میں امرتسر کی ایک عدالت نے ہتک عزت کے ایک معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈر سنجے سنگھ کو آج پیشگی ضمانت دے دی۔ معاملے کی اگلی سماعت 15 اکتوبر کو ہوگی۔امرتسر ایڈیشنل چیف جسٹس مجسٹریٹ رویندر کور کی عدالت نے پنجاب کے کابینہ وزیر وکرم سنگھ مجیٹھیا کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے مسٹر کیجری وال اور مسٹر سنگھ کو پیشگی ضمانت دے دی۔ عاپ کے ترجمان آشیش کھیتان بیمار ہونے کے سبب عدالت میں حاضر نہیں ہوئے ۔مسٹر کیجری وال 28 جولائی کی شام کو ہی امرتسر پہنچ گئے تھے ۔واضح رہے کہ مسٹر مجیٹھیا نے نشیلی اشیاء کی اسمگلنگ کے معاملے میں اپنے کنبے کو گھسیٹے جانے کے سلسلے میں مسٹر کیجری وال اور آپ کے دیگر لیڈروں کے خلاف ہتک عزت کا معاملہ دائر کیا تھا۔
ریلوے بورڈ کے چیرمین متل کی
خدمات میں توسیع
نئی دہلی، 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ریلوے بورڈ کے چیئرمین اے کے متل کو دو سال کی سروس توسیع دینے کا آج فیصلہ کیا۔مسٹر متل کو 31 جولائی کو ریٹائر ہونا تھا۔ آج جاری ایک سرکاری حکم میں کہا ہے گیا کہ کابینہ کی تقرری سے متعلق کمیٹی نے مسٹر متل کو دو سال کے لیے دوبارہ ریلوے بورڈ کا چیئرمین مقرر کئے جانے کی منظوری دے دی ہے ۔ وہ یکم اگست 2016 سے دو سال کی مدت یا 62 سال کی عمر پوری کرنے تک اس عہدے پر رہیں گے ۔مسٹر متل کو 31 دسمبر کو ریلوے بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ مسٹر متل انڈین ریل کے یہ سب سے اہم عہدے پر پہنچنے والے انڈین ریلوے اسٹوریج سروس (آئی آرایس ایس ) کے پہلے افسر ہیں۔