نئی دہلی ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی ا ے حکومت کثیر برانڈ چلر فروشی میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت نہیں دے گی ۔ مرکزی وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتا رامن نے نئی حکومت کے اقتدار کے 100 دن کی تکمیل پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے۔ کثیر برانڈ چلر فروشی کے شعبہ میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ہمیں اس شعبہ میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہئے۔ ہمارا موقف بالکل واضح ہے۔ اس بارے میں کوئی الجھن نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنا موقف پہلے ہی وا ضح کرچکی ہے ۔ اس کے انتخابی منشور میں بھی اس کا تذکرہ کیا گیا تھا ۔ یو پی اے حکومت نے کثیر برانڈ چلر فروشی کا شعبہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کھولا تھا ۔ اس وقت بھی بی جے پی نے اس پالیسی کی مخالفت کی تھی۔ سیاسی اعتبار سے حساس کثیر برانڈ چلر فروشی کا شعبہ لاکھوں ملازمین پر مشتمل ہے۔