کثرت ازدواج کیس کی سماعت کرنے سے عدالت کا انکار

واشنگٹن ۔24 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی سپریم کورٹ نے ایک شخص اور اُس کی چار بیویوں کے ایک معاملہ کی سماعت سے انکار کردیا ہے جو ایک ریالٹی ٹی وی شو کی اسٹارس ہیں جہاں انھوں نے اپنے آبائی موضع اوٹاہ میں کثرت ازدواج پر عائد کئے گئے امتناع کو چیلنج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوڈی براؤن نے قانونی طورپر میری سے شادی کی ہے تاہم اُس کے علاوہ جنیلی ، کرسٹین اور فوبین بھی اُس کی بیویاں ہیں کیونکہ وہ اُن کے ساتھ بھی رہتا ہے ۔ یہ تمام لوگ ایک ایسے مذہبی گروپ ( مسلمان نہیں) سے تعلق رکھتے ہیں جو مارمون بنیاد پرستی کا قائل ہے اور جہاں کثرت ازواج اُن کے عقیدے میں شامل ہے۔ کوڈی براؤن اور اُس کی بیویوں نے اس قانون کے خلاف عدالت میں سات سال تک مقدمہ لڑا جس کے تحت کثرت ازدواج پر امتناع عائد کیا گیا تھا جس کے لئے انھوں نے برسوں سے یہی استدلال پیش کیاکہ امتناع عائد کرنا اُن کی اظہار خیال کی ’آزادی ‘اور مذہبی آزادی پر امتناع عائد کرنے کے مترادف ہے ۔ یہ تمام لوگ ’’سسٹر وائیوز‘‘ نامی ٹی وی پروگرام کے اداکار ہیں جو ٹی ایل سی چیانل پر نشر کیا جاتا ہے جہاں ایک روایتی متحد خاندان کی کہانی پیش کی جاتی ہے ۔