کثرتِ رزق کے لئے اذکار

جناب محمد رضی الدین معظم

٭ جو کوئی بھی شب جمعہ میں ایک بار سورۂ جمعہ پڑھنے کی عادت بنالے تو بفضل رب اسے بکثرت رزق حاصل ہوگا۔
٭ وسعت رزق کے لئے سورۂ ماعون ۴۱بار پڑھنے والا اور اس کے افراد خاندان ہمیشہ بھوک اور فاقہ سے محفوظ رہیں گے۔
٭ جو کوئی سات سورتیں (واقعہ، مزمل، والشمس، واللیل، والضحی، الم نشرح اور والتین) بوقت اشراق، بعد زوال اور بعد نماز ظہر پڑھنے کی عادت بنالے تو اللہ رب العزت اس کو کسی کام میں ہاتھ ڈالنے تک بکثرت رزق عطا فرمائے گا۔
٭ جس کسی کو تنگی معاش کا سامنا ہو، وہ ہر نماز کے بعد پانچ بار ’’یاشفیق یارفیق نجنی من کل ضیق اللّٰھم سھل بفضلک یاعزیز یاعزیز یاعزیز‘‘ پڑھے۔ اس عمل سے ان شاء اللہ تعالیٰ رزق میں کشادگی ہوگی۔
نوٹ:۔ ہر عمل کے ساتھ درود شریف کا ورد ضروری ہے۔
حافظ سید عباد قاسمی
ماہِ رجب قرآن و حدیث کی روشنی میں
رجب ماخوذ ہے ترجیب سے اور ترجیب کہتے ہیں تعظیم کو۔ چوں کہ یہ مہینہ عظمت و عزت والا ہے، اس لئے اس کو رجب کہتے ہیں۔ (تفسیر ابن کثیر)
ماہ رجب کے متعلق سورۂ توبہ (آیت۔۳۶) میں ارشاد فرمایا کہ ماہ رجب چار محترم مہینوں میں سے ایک ہے۔ رجب، ذیقعدہ، ذی الحجہ اور محرم، یہ چاروں مہینے ابتدائے آفرینش سے محترم ہیں، نیز اسلام نے بھی ان مہینوں کا احترام برقرار رکھا۔ تفسیر قرطبی میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے منقول ہے کہ ماہ رجب میں نیک عمل کا اجر و ثواب بڑھا دیا جاتا ہے اور اسی طرح اس ماہ میں ہر برے کام اور گناہ کی سزا بھی بڑھا دی جاتی ہے۔ یعنی نیک عمل کے اجر و ثواب اور بُرے کام کی سزا میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔
ماہ رجب کا چاند دیکھنے کے بعد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعاء کثرت سے پڑھا کرتے تھے۔ ’’اے اللہ! رجب اور شعبان کے مہینوں میں ہمارے لئے برکت فرما اور ہم کو رمضان کی مبارک ساعتوں اور اس کی رحمتوں سے لطف اندوز ہونے والا بنا‘‘۔