کترینہ کے مومی مجسمے کی مادام تساؤ میوزیم میںنمائش

لندن ۔28مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کے مومی مجسمے کی رونمائی لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں کی گئی، اداکارہ نے اس موقع پر اپنے مجسمے کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ اس مجسمے کی نمائش کے بعد کترینہ کیف بالی ووڈ کی ساتویں شخصیت بن گئی ہیں جن کا مومی مجسمہ مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنا ہے۔ ان سے قبل امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، ایشوریا رائے، سلمان خان، ریتک روشن اور مادھوری ڈکشٹ کے مجسموں کی رونمائی کی جا چکی ہے۔ کترینہ کیف کو گزشتہ سال اس مجسمے کے لئے آن لائن ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا تھا اور گزشتہ سال کے اختتام پر مادام تساؤ میوزیم کے فنکاروں کی ایک ٹیم ہندوستان پہنچی تھی جہاں کترینہ کی میئژمینٹس لی گئی تھیں۔ اس کے بعد چار مہینے کی محنت کے بعد بیس فنکاروں نے اس مجسمے کو تیار کیا۔ مادام تساؤ میوزیم کی انتظامیہ آن لائن ووٹنگ کے ذریعے شخصیات کا انتخاب کرتی ہے۔ سب سے پہلے 2000ء میں امیتابھ بچن کو ووٹنگ کے ذریعے اس مجسمے کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ایک شخصیت کا مجسمہ تیار کرنے میں چار مہینے لگتے ہیں اور اس پر ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ کی لاگت آتی ہے۔ بیس فنکار چار ماہ میں ان تھک محنت سے یہ مجسمہ تیار کرتے ہیں۔ کترینہ نے رونمائی کے موقع پر کہا کہ یہ مجسمہ ہوبہو ان جیسا لگتا ہے اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔