اردو میں ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرس پر دستیاب
حیدرآباد ۔ 23 جنوری (راست) مشہور صحافی رانا ایوب کی کتاب ’’گجرات فائیلس : پس پردہ حقائق کا انکشاف‘‘ اب اردو میں دستیاب ہے۔ اس کتاب میں ان معاملات کے سنسنی خیز انکشافات ہیں جو اس وقت کے ریاستی حکمراں کے عروج اور ان کے ریاست سے مرکز تک کے اقتدار کے سفر کے متوازی چلتے ہیں۔ ریاست کے پس پردہ سچ کو ان لوگوں کی زبانی بے نقاب کیا گیا ہے جن پر تفتیش کمیشنوں کو بیان دیتے وقت نسیان طاری ہوگیا تھا۔ یہ باتیں اسٹنگ آپریشن کے دوران خفیہ طور پر ٹیپ کی گئیں ویڈیوز میں محفوظ ہیں جو بہت سے راز افشاں کرتے ہیں۔ کتاب کی مصنفہ تہلکہ میں ایڈیٹر رہ چکی ہیں۔ اپنی بے باک تفتیشی اور سیاسی رپورٹنگ کے باعث رانا ایوب ملک کی ایک اہم آواز تسلیم کی جاتی ہیں۔ ’’گجرات فائیلس‘‘ رانا ایوب کے آٹھ ماہ تک چلنے والے انڈرکور آپریشن کی روداد ہے، جس میں انہوں نے گجرات کے فسادات فرضی انکاؤنٹرس اور ریاستی وزیرداخلہ ہرین پانڈیا کے قتل کے تعلق سے چونکا دینے والے انکشاف کئے ہیں۔ رانا نے امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کنزرویٹری کی فلمساز میتھلی تیاگی کی حیثیت سے گجرات کے ایسے اعلیٰ لیڈروں، افسروں اور اعلیٰ پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں جو 2001ء سے 2010ء کے دوران گجرات میں کلیدی عہدہ پر فائز تھے۔ اس اسٹنگ آپریشن کے مندرجات ریاست اور اس کے اہلکاروں کے انسانیت کے خلاف جرائم ملوث ہونے کی شہادت دیتے ہیں۔ تہلکہ میگزین ان شہادتوں کو شائع کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اب مصنفہ نے اس کو کتابی شکل دے دی ہے۔ کتاب کا ترجمہ محمد ضیاء اللہ ندوی نے کیا ہے اور مضامین ڈاٹ کام نے شائع کیا ہے۔ یہ کتاب فاروس میڈیا دہلی اور ہدیٰ بک ڈسٹریبیوٹرس پرانی حویلی حیدرآباد پر دستیاب ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 24514892 پر ربط کریں۔