واشنگٹن ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نومنتخبہ صدر کبھی کبھی مذاق بھی کرتے ہیں، ان کی اس صفت کا بہت کم لوگوں کو اندازہ ہے۔ انہوں نے کل ایک ٹیلیویژن چیانل سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ2016 ء کے صدارتی انتخابات کے موضوع پر شائع شدہ ایک کتاب کے گردپوش پر ان کی جس تصویر کا استعمال کیا گیا ہے وہ شاید ان کی بدترین تصاویر میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگر اتنے خوبرو نہیں ہیں تو اتنے خراب بھی نہیں ہیں کہ ان کی غلط ٹائمنگ اور غلط زاویہ سے کھینچی گئی تصویر کو کسی کتاب کے گردپوش پر شائع کردیا جائے۔ سی این این نے ’’ان پریسڈنٹیڈ‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب شائع کی ہے جہاں 2016ء کے صدارتی انتخابات کی دوڑ اور ٹرمپ کی فتح کی پوری تفصیلات درج ہیں۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہیکہ کتاب ہاتھوں ہاتھ لی جائے گی تاہم ان کی بدترین تصویر کا انتخاب کیا گیا ہے جس سے وہ ناخوش ہیں۔ ’’ان پریسیڈینٹیڈ‘‘ کی اجرائی گذشتہ سال ڈسمبر میں کی گئی تھی جس میں ری پبلکن صدارتی امیدوار کی انتخابی مہمات اور مصروفیات کے علاوہ ان کی حیرت انگیز فتح کا پورا احوال تفصیل سے درج ہے۔