کبھی بھی عہدوں کی تمنا نہیں کی : وینکیا نائیڈو

وزیراعظم کی ترغیب پر پارٹی سے علحدگی ، نائب صدر جمہوریہ عہدہ کے امیدوار کا بیان
حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے این ڈی اے امیدوار ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی بھی عہدوں کی تمنا نہیں کی۔ 2020ء میں وہ عملی سیاست سے سبکدوش ہونا چاہتے تھے۔ ماں کا درجہ رکھنے والی پارٹی کو چھوڑنا اگرچہ گوارا نہیں تھا لیکن وزیراعظم نریندر مودی کی بات کا احترام کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے مقابلہ کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیاست میں دشمن نہیں بلکہ صرف مخالفین ہوتے ہیں۔ مادھا پور کے امیج گارڈن میں وینکیا نائیڈو کے اعزاز میں آج ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء کے ٹی راما رائو، این نرسمہا ریڈی، ٹی ناگیشور رائو، میئر جی ایچ ایم سی بی رام موہن، فلم ڈائرکٹر راگھویندر رائو، فلم اسٹار وینکٹیش، وینکیا نائیڈو کے دوست احباب اور مداحوں نے شرکت کی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی اس تقریب میں شامل رہے۔ کے ٹی راما رائو نے وینکیا نائیڈو کو ہینڈلوم کے پارچہ جات، درخت اور چارمینار کا مومنٹو پیش کیا۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر شہری ترقیات کی حیثیت سے وینکیا نائیڈو نے تلنگانہ کی کافی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 16 اگست سے ریاست کا دورہ کرنے کے لیے وینکیا نائیڈو سے خواہش کرنے والے تھے لیکن اسی دوران بی جے پی نے انہیں نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار کی حیثیت سے ان کے نام کا اعلان کردیا۔ صدر جمہوریہ منتخب ہونے کے بعد نئی دہلی جاکر وینکیا نائیڈو کو ریاست کا دورہ کرنے کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وینکیا نائیڈو کی تقاریر سے وہ کافی متاثر ہیں۔ تلگو ریاستوں کی ترقی کے لیے وینکیا نائیڈو نے کافی مساعی کی ہے۔