بالاسور (اوڈیشہ) ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج نیوکلیئر صلاحیت کے حامل بالسٹک میزائل اگنی ۔IV کا اوڈیشہ کے ساحل سے کامیاب تجربہ کیا۔ یہ میزائل 4 ہزار کیلومیٹر کے فاصلے تک نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ موبائل لانچر کے ذریعہ زمین سے زمین پر وار کرنے والے اس میزائل کا آزمائشی طور پر تجربہ ڈاکٹر عبدالکلام آئی لینڈ کے کامپلکس IV انٹی گریٹڈ ٹسٹ رینج سے تقریباً 11:55 بجے کیا گیا۔ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) ذرائع نے یہ بات بتائی۔ آزمائشی تجربہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیسی ساختہ اگنی IV میزائل کا یہ چھٹا آزمائشی مرحلہ تھا جو تمام نشانوں پر پورا اترا۔ اس سے پہلے 9 نومبر 2015ء کو کیا گیا تجربہ بھی کامیاب رہا۔ یہ میزائل متوازن اور 20 میٹر طویل 17 ٹن وزنی ہے۔ اسے انتہائی عصری ٹکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔ اس میں رنگ لیزر گائیرو سے مربوط نیویگیشن سسٹم اور مائیکرو نیویگیشن سسٹم ہے جس کے ذریعہ یہ میزائل برابر نشانے پر پہنچ سکتا ہے اس کے علاوہ ری انٹری ہیٹ شیلڈ کے ذریعہ 4 ہزار ڈگری سنٹی گریڈ تک درجہ حرارت کو برداشت کرنے کی بھی اس میں صلاحیت ہے۔ بالسٹک میزائل جیسے اگنی۔I ، اگنی۔II اور اگنی۔III کے علاوہ پرتھوی کو پہلے ہی مسلح فورسس میں شامل کیا جاچکا ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کی مزاحمتی صلاحیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔