کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر پانی کا اے ٹی ایم

شفاف پانی فی لیٹر بوتل کی قیمت صرف 8 روپئے ، عوام کے لیے راحت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ایک بوتل پانی کی اہمیت کا اندازہ اس شخص سے زیادہ کون لگا سکتا ہے جو کہ ایک طویل سفر کا مسافر ہو اور جب یہ سفر ریل کے ذریعہ کیا جارہا ہو تو ایسے میں ایک پانی کے بوتل کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے حالانکہ ریلوے اسٹیشن پر پانی کا انتظام ہونے کے علاوہ ریلوے پلیٹ فارم پر 20 روپئے فی لیٹر کا بوتل فروخت بھی ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود پانی کے بوتلوں کی مسافرین کے لیے اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے ۔ لہذا اب ریلوے مسافرین کو کم داموں میں شفاف پانی کے بوتلوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انڈین ریلوے نے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر پانی کے ’ ایم ٹی ایم ‘ نصب کردئیے ہیں جو کہ تجرباتی طور پر فراہم کی جانے والی سہولت ہے ۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے یہاں ریورس اوس موسیس ( آر او ) ٹکنالوجی سے صاف کیے جانے والا پانی فراہم کیا جارہا ہے جو کہ انتہائی کم قیمت میں دستیاب ہے ۔ جیسا کہ فی لیٹر بوتل کی قیمت 8 روپئے ہے جب کہ 2 لیٹرس کا بوتل 12 روپئے میں دستیاب ہے ۔ جب کہ عام نوعیت کا فی لیٹر بوتل 5 روپئے اور 8 روپئے میں 2 لیٹرس کا بوتل ہے اس طرح 5 لیٹرس کا بوتل 20 روپئے میں فراہم کیا جارہا ہے ۔ شیخ اسٹال پر یہ پانی کی مشین نصب کی گئی ہے اور انہوں نے میڈیا نمائندے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں پہلی مرتبہ یہ سہولت صرف عہدیداروں کو فراہم کی گئی تھی لیکن اب عام افراد کے لیے بھی شفاف پانی کم قیمت میں دستیاب ہورہا ہے ۔ نیز کاچی گوڑہ اسٹیشن کے اطراف رہنے والے بے گھر غریب افراد بھی اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔۔