کاپو طبقہ کیلئے ریزرویشن کے مطالبہ پر آج سے بھوک ہڑتال

کاکیناڈا۔ 4 فروری (سیاست نیوز) کاپو لیڈر ایم پدمنابھم نے کل سے پسماندہ طبقات کے زمرہ میں اپنے طبقہ کی شمولیت کے مطالبہ پر غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا جس کے پیش نظر ضلع مشرقی گوداوری میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر ایم روی پرکاش نے بتایا کہ کالیو لیڈر ایم پدمنابھم تحفظات کے مطالبہ پر کل سے کرلم پوڈی میں واقع اپنی قیام گاہ پر غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے والے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ پیش آئے پُرتشدد واقعات کے پیش نظر ضلع بھر میں سخت چوکسی اختیار کرلی گئی اور اشرار کے داخلے کو روکنے کیلئے 39 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور حساس مقامات پر ریاپڈ ایکشن فورس متعین کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں عوام کو گروپ کی شکل میں اکٹھا ہونے سے روکنے کیلئے امتناعی احکامات (دفعہ144) نافذ کردیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کاپو طبقہ کے افراد نے گزشتہ ہفتہ تونی ٹاؤن میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے ایم پدمنابھم کے خطاب کے بعد پولیس پر سنگباری اور ایک ٹرین کے 4 کوچیس اور سرکاری گاڑیوں کو آگ لگادی تھی، جس کے باعث ریلوے اور محکمہ پولیس کو 120 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا تھا۔ اس سلسلے میں 63 کیسیس درج کئے گئے تھے۔