کاپو تحفظات کیلئے دوبارہ احتجاج کا انتباہ

نائیڈو حکومت پر تیقنات پر عمل میں تاخیرکا الزام ‘ کاپو قائدین
کاکناڈا 26 فبروری ( پی ٹی آئی ) کاپو قائدین نے آندھرا پردیش میں اپنے مطالبات کی تائید میں دوبارہ احتجاج کا انتباہ دیا ہے اور کہا کہ اگر حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے ان کے مطالبات پر فوری کارروائی نہیں کی جاتی ہے تو وہ تحفظات کیلئے دوبارہ احتجاج شروع کرینگے ۔ برادری کے قائدین نے تحفظات کیلئے احتجاج کرنے والے لیڈر ایم پدنابھم کو دئے گئے تیقنات پر عمل آوری میں تاخیر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ ایم پدمنابھم آندھرا پردیش میں کاپو برادری کو تعلیم اور روزگار کے شعبہ جات میں تحفظات کیلئے احتجاج چلا رہے ہیں۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں انہوںنے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ کاپو برداری کو بھی بی سی طبقہ میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے اس مطالبہ کا جائزہ لینے کے وعدہ کے بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی تھی ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کاپو سدبھاؤنا سنگھم کے قائدین واسو ریڈی یسوداس اور بی چندرا مولی نے کہا کہ تقریبا تین ہفتے گذر گئے ہیں جب پدمنابھم نے بھوک ہڑتال ختم کردی تھی تاہم تلگودیشم زیر قیادت حکومت نے ابھی تک ان سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برادری کی فلاح کیلئے 500 کروڑ روپئے جا ری کرنے کے وعدہ پر بھی عمل نہیں کیا گیا ۔ اگر حکومت کی جانب سے اسی طرح لاپرواہی برتی جاتی رہی تو کاپو تحفظات کے حق میں دوبارہ احتجاج شروع کردیا جائے گا ۔