کاپو برادری کے ارکان کے تشدد کی مذمت : وینکیا نائیڈو

نئی دہلی ۔ یکم فبروری ( پی ٹی آئی) مرکزی وزیر  ایم وینکیا نائیڈو نے کاپو طبقہ کو پسماندہ طبقات کے زمرہ کے تحت تحفظات کی فراہمی کیلئے آندھراپردیش میں کاپو برادری کے ارکان کے احتجاج کے دوران تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے کاپو طبقہ کو تحفظات کے کاز کو نقصان پہنچے گا ۔ مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور و شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ’’ کاپو تحفظات کیلئے احتجاج میں تشدد بدبختانہ اور قابل مذمت ہے ۔ اس سے گریز کیا جانا چاہیئے ۔ تشدد سے کاز کو نقصان پہنچ سکتا ہے ‘‘ ۔  واضح رہے کہ کاپو طبقہ کے احتجاج کیدوران گذشتہ روز کم سے کم 15 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے تھے ‘ ان میں ایک سینئر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھی شامل ہیں ۔ پُرتشدد احتجاجیوں نے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے  رتناچل ایکسپریس ٹرین کی چار بوگیوں  کو نذرآتش کردیا تھا ۔ مشرقی گوداری میں قومی شاہراہ کی ناکہ بندی بھی کی گئی تھی ۔