حیدرآباد 23 جنوری ( یو این آئی) آندھراپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابو نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آرکانگریس اور بی جے پی ریاست میں کاپو طبقہ کو پانچ فیصد ریزرویشن کی فراہمی پر کیوں اعتراض کر رہے ہیں؟انہوں نے نئی دہلی سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی کے لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاپو،اونٹاری اور دیگر ریزرویشن کے زمرہ میں ہیں اور اسی لئے ہم نے ان کو ریزرویشن دیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ متحدہ آندھراپردیش کے وزیراعلی آنجہانی راج شیکھرریڈی نے اس طبقہ کوریزرویشن کی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے اس سے دغا بازی کی تھی اور اب ان کے فرزند وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس طبقہ کو ریزرویشن پراعتراض کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور وائی ایس آرکانگریس کے لیڈران کو تلگودیشم کے اس خصوص میں حالیہ فیصلہ پر خوف ہے ۔اسی لئے تلگودیشم پر بے بنیاد نکتہ چینی کی جارہی ہے ۔