کاٹجو کا بیان غیرذمہ دارانہ : ایس پی

واراناسی ۔ /4 اکٹوبر۔ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی نے آج سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو کے ان ریمارکس پر تنقید کی کہ گائے ایک جانور ہے وہ کسی کی ماتا نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے اس بیان کو غیر شعوری اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ۔ انہوں نے کاٹجو کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے بیانات دینے سے باز آجائیں ۔ برسرعام یا میڈیا کے ذریعہ عوام کو غلط پیام نہ دیں ۔ سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ضلع چندولی منوج کمار سنگھ نے کاٹجو کے ریمارکس کو غیر ذمہ دارانہ اور قابل مذمت قرار دیا ۔ انہوں نے ایک ایسے شخص سے اس طرح کے بیان کی توقع نہیں کی تھی جو دستوری عہدہ پر فائز رہا ہے ۔ ہم ان کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ برسرعام ایسے بیانات دینے سے احتراز کریں ۔ ان کے ریمارکس طلباء اور عوام تک غلط پیام دیتے ہیں ۔ آج آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ گائے کو ماں نہیں سمجھتے ، کل آپ کہیں گے کہ دستور ہند میں مروج رہنمایانہ خطوط پر عمل نہیں کریں گے ۔ آخر آپ کو ایسا کہنے سے کون روک سکتا ہے ۔ ہم مانتے ہیں کہ آپ نے کہا تھا کہ گوشت کھانا ذاتی پسند کا معاملہ ہے لیکن آپ سمجھتے کہ اس طرح کے برسرعام بیانات دینا درست ہے ۔ کاٹجو نے کل بنارس ہندو یونیورسٹی کی ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا تھا کہ گائے صرف ایک جانور ہے وہ کسی کی ماں نہیں ہوسکتی ۔ اس ریمارکس پر ہندو یونیورسٹی کے طلباء نے بھی احتجاج کیا تھا ۔

کاٹجو کے تبصرہ کی مخالفت نہیں کیونکہ وہ غریب مسلمان نہیں ہے:اعظم خان
لکھنؤ ۔ /4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے وزیر اعظم خان نے آج کہا کہ سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مارکنڈے کاٹجو کے کل کے تبصرہ پر کہ وہ بھی گائے کا گوشت کھاتے ہیں ، کسی نے ان کی مخالفت نہیں کی کیونکہ وہ غریب مسلمان نہیں ہے ۔ اعظم خان کا یہ بیان آج جاری کیا گیا ۔ انہوں نے ان افراد پر تنقید کرتے ہوئے جو ذبیحہ گاؤ کی مخالفت کرتے ہیں کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اب سے فائیو اسٹار ہوٹلوں کے مینو میں گائے کی گوشت کی قیمت درج کرنے پر امتناع عائد کریں ۔