چینائی ۔ یکم / اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے کی زیرقیادت اپوزیشن جماعتوں نے کاویری آبی انتظامی بورڈ کی تشکیل کے لئے مرکز سے مطالبہ کرتے ہوئے /5 اپریل کو ریاست گیر بند منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ڈی ایم کے کے کارگذار صدر ایم کے اسٹالن نے دوست اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کے بعد بشمول کسان اور تاجرین سماج کے تمام طبقات سے بند کی تائید کرنے کی اپیل کی ہے۔ ٹاملناڈو پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر تھرونوا کرساو ، وی سی کے کے سربراہ تھروماول ، سی پی آئی اور سی پی آئی (ایم) کے قائدین نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی ۔ اسٹالن نے کہا کہ بند کے بعد کاویری یاترا کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کاویری مسئلہ پر اناڈی ایم کے قائدین نے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے کارروائی کو مفلوج کردیا تھا ۔