اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل ٹیم کا دورہ ، کرناٹک میں بنیادی حقائق کا جائزہ ، چیرمین جی ایس جھا کا بیان
بنگلور ۔ /7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کاویری پانی کے تقسیم کے مسئلہ کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل ٹیم نے آج کاویری طاس علاقوں کا دورہ کیا اور کرناٹک میں بنیادی حقائق کا جائزہ لیا ۔ دورہ کے بعد ٹیم نے کہا کہ اس کے دورہ کا مقصد کرناٹک اور ٹاملناڈو کے درمیان انصاف پر مبنی پانی کی تقسیم کو یقینی بنانا ہے ۔ سنٹرل واٹر کمیشن کے چیرمین جی ایس جھا نے جو اس ٹیم کی قیادت کررہے تھے کہا کہ ہمارا مقصد دونوں ریاستوں کے حدود کے درمیان پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنانا ہے ۔ ہم کم سے کم وقت میں پورے علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے معائنہ کریں گے ۔ ٹاملناڈو ، کرناٹک ، کیرالا اور پوڈیچیری حکومتوں کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے بعد اس ٹیم نے کاویری طاس علاقوں کا دورہ کیا ۔ سپریم کورٹ نے کاویری طاس کے بنیادی حقائق کا جائزہ لینے کیلئے اس ٹیم کو تشکیل دیا تھا ۔ کرناٹک آبی وسائل کے وزیر ایم بی پاٹل نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور انہوں نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کیا اور کرناٹک میں کاویری طاس کے اندر پائی جانے والی نازک صورتحال سے واقف کروایا ۔ کمیشن کے چیرمین نے مزید بتایا کہ کاویری پانی کی تقسیم کے مسئلہ کا جائزہ لے کر ہی دونوں ریاستوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا ۔