نئی دہلی3 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے کاویری تنازعہ معاملے میں اسے کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل سے متعلق30ستمبر کے حکم میں ترمیم کیلئے آج سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس ادے امیش للت کی بنچ کے روبرو معاملے کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کو کاویری مینجمنٹ بنانے کا حکم دینا عدالت عظمیٰ کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے ۔گذشتہ 30ستمبرکو مرکزی حکومت کی طرف سے مسٹر روہتگی نے 4 اکتوبر تک بورڈ کی تشکیل کرنے اور 6 اکتوبر تک کاویری طاس کی حقیقی صورتحال کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ روہتگی نے آج دلیل دی کہ ان کی رضامندی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی دفعہ 262 کے تحت سپریم کورٹ کاویری مینجمنٹ بورڈ کے قیام کا حکم نہیں دے سکتا۔ اس دوران سپریم کورٹ نے حکومت کرناٹک سے 30 ستمبر کو ٹاملناڈو کو پانی جاری کرنے کے معاملہ میں دیئے گئے حکم پر عمل آوری کے سلسلہ میں کل دوپہر تک واقف کرانے کی ہدایت دی۔