کاویری آبی تنازعہ پر انا ڈی ایم کے کا برت

چینائی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کاویری آبی انتظامی بورڈ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے انا ڈی ایم کے پارٹی کی طرف سے 3 ؍ اپریل کو منائے جانے والے برت میں چیف منسٹر ٹاملناڈو کے پلانی سوامی اور ڈپٹی چیف منسٹر او پنیر سیلوم کے بجز ساری انا ڈی ایم کے کابینہ حصہ لے گی۔ پارٹی کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق سینئر وزراء ڈنڈیگل سرینواسن (جنگلات)، کے اے سینگوئیان (فنی تعلیم)، پی تھنگامن (برقی)، ڈی جیا کمار (سمکیات) اور ایس پی ویلومن (بلدی نظم و نسق) بھی ریاست کے مختلف مقامات پر برت کی قیادت کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔ پارٹی نے پڈوچیری سے بشمول ارکان اسمبلی اپنے سات قائدین کو اس مسئلہ پر پڑوسی مرکزی زیرانتظام علاقہ میں برت رکھنے کیلئے منتخب کیا ہے۔ کاویری آبی انتظامی بورڈ اور مرکزی آبی ضابطہ کمیٹی کی تشکیل کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالنے ٹاملناڈو کے تمام 32 اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا۔