پٹنہ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج یہاں کہاکہ مرکز میں برسر اقتدار کانگریس 1984 ء کے مخالف سکھ فسادات کی ذمہ دار تھی اور 1989 ء کے دوران بہار میں برسر اقتدار کانگریس حکومت بھاگلپور فسادات کی ذمہ دار تھی جبکہ 2002 ء کے دوران ہوئے گجرات فسادات کے لئے بی جے پی حکومت جوابدہ ہے۔ مسٹر نتیش کمار نے کہاکہ یہ تمام فسادات ملک کے چہرہ پر بدنما داغ ہیں جس کے لئے تمام ہندوستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ اِن فسادات کے ذمہ داروں کو چاہئے کہ وہ آگے آئیں اور اس المیہ کے لئے اپنی ذمہ داری قبول کریں۔
نتیش کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ان واقعات پر کوئی بھی اپنی جوابدہی سے فرار نہیں ہوسکتا۔ چیف منسٹر نے 1990 ء میں آر جے ڈی کی قیادت میں اقتدار سنبھالنے والی حکومت پر بھی تنقید کی اور الزام عائد کیاکہ اُس وقت کے چیف منسٹر لالو پرساد یادو نے بھاگلپور فسادات کی تمام تحقیقات کو بند کردیا تھا حالانکہ یہ حقیقت تھی کہ ان فسادات کے ذمہ دار خاطیوں کو کیفر کردار تک پہونچانے کیلئے تمام ٹھوس ثبوت دستیاب تھے۔ مسٹر نتیش کمار نے کہاکہ اِن کی حکومت نے بھاگلپور فسادات کیس کو دوبارہ کھولتے ہوئے نہ صرف خاطیوں کو سزا دلائی بلکہ متاثرین کو ممکنہ مدد فراہم کی گئی۔ فسادات کے دوران بے گھر ہونے والوں کے لئے وظائف جاری کئے گئے تھے۔