کانگریس ۔ ٹی آر ایس انضمام پر مشاورت کا سلسلہ جاری

دونوں جماعتیں قطعی نتیجہ پر نہیں پہونچ سکیں۔ انتخابی مفاہمت کئے جانے کا بھی امکان

حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) کانگریس میں ٹی آر ایس کے انضمام کے مسئلہ پر دونوں پارٹیوں کے قائدین میں اعلیٰ سطح پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ تاحال دونوں پارٹیاں انضمام یا انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر قطعی نتیجہ پر پہنچ نہیں پائیں۔ ٹی آر ایس کے سینئر قائد سابق رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے توثیق کی کہ کانگریس قائدین سے انضمام کے مسئلہ پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس کا کانگریس میں انضمام ہوگا یا پھر انتخابی مفاہمت کی جائے گی، اس بارے میں انتخابات سے قبل ضرور کوئی نتیجہ برآمد ہوگا۔ ونود کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کی اکثریت انضمام کے خلاف ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس سے انتخابی مفاہمت کے ذریعہ پارٹی ریاست تلنگانہ کی تعمیرِ نو میں اہم رول ادا کرے۔ ونود کمار نے کہا کہ چونکہ ٹی آر ایس نے علحدہ ریاست کی جدوجہد کی قیادت کی لہذا تلنگانہ عوام کے مسائل کی یکسوئی کی ذمہ داری بھی اس پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے انضمام کے بارے میں جو تجویز پیش کی گئی اس کا ٹی آر ایس قیادت جائزہ لے رہی ہے۔ ونود کمار نے کہاکہ پارلیمنٹ میں اسوقت کے صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی جانب سے خطاب کے دوران تلنگانہ کی تائید کے بعد چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا تھا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد وہ اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ ابھی بھی اپنے بیان پر قائم ہیں تاہم ٹی آر ایس پر تلنگانہ کے مسائل کی یکسوئی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی پر اس بات کا انحصار ہے کہ ٹی آر ایس کا انضمام ہوگا یا مفاہمت یا پھر ٹی آر ایس تنہا انتخابات میں حصہ لے گی۔اسی دوران پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کانگریس ہائی کمان مفاہمت کے بجائے انضمام کے حق میں ہے تاہم چندر شیکھر راؤ کا کہنا ہے کہ انضمام کی صورت میں تلنگانہ میں تلگودیشم اور بی جے پی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ انضمام کی صورت میں کانگریس ہائی کمان نے کے سی آر کو تلنگانہ اُمور میں خصوصی اختیارات کی پیشکش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں انہیں اہم عہدہ دیئے جانے کا پیشکش کیا جو کہ چیف منسٹر کی صورت میں بھی ہوسکتا ہے۔ کانگریس ہائی کمان کا ماننا ہے کہ پارٹی میں اعلیٰ عہدوں کے خواہشمند قائدین سے نمٹنے کیلئے کے سی آر کو اعلیٰ عہدہ پر فائز کرتے ہوئے دیگر قائدین سے نمٹا جاسکتا ہے۔ انضمام مسئلہ پر چندر شیکھر راؤ کو پارٹی نے قطعی فیصلہ کا اختیار دے دیا ہے۔ ان حالات میں وہ کیا فیصلہ کریں گے اس بارے میں کانگریس اور خود ٹی آر ایس قائدین میں تجسس پایا جاتا ہے۔