حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں کانگریس ۔ تلگو دیشم کے مابین مفاہمت یقینی ہے ۔ اس سلسلہ میں صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو نے بھی تلنگانہ قائدین کو اشارہ بھی دے دیا ہے ۔ اس صورتحال میں تلنگانہ تلگو دیشم 12 تا 16 حلقہ جات اسمبلی سے کانگریس کے ساتھ مفاہمت کے ذریعہ مقابلہ کرسکتی ہے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ جلد صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے بات کر کے تلگو دیشم امیدواروں کیلئے حلقہ جات کو قطعیت دیں گے ۔ اسی دوران شام میں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلنگانہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کانگریس کے ساتھ تلگو دیشم کی مفاہمت کے مسئلہ پر تبصرہ نہیں کیا اور انتخابی مفاہمت کے مسئلہ کو تلنگانہ تلگو دیشم قائدین پر چھوڑ دیا ۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ تلنگانہ انتخابات کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے ۔ تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی جنرل سکریٹری و وزیر آئی ٹی اے پی این لوکیش تلنگانہ میں تلگو دیشم کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔