کانگریس ہائی کمان ڈی ناگیندر سے سخت ناراض

جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے سرگرم نہ ہونے پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد /2 دسمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس ڈی ناگیندر سے سخت ناراض ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات کے لئے سرگرم نہ ہونے کی صورت میں ہائی کمان نے انھیں صدارت کے عہدہ سے ہٹاکر کسی دوسرے کو صدر بنانے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کو ہدایت دی ہے، جب کہ ڈی ناگیندر نے سرگرم ہونے کا ادعا کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کمان کی طلبی پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی اور قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر دہلی روانہ ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے مقامی اداروں کے کونسل انتخابات کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات کا بھی جائزہ لیا۔ انھوں نے حیدرآباد میں کانگریس کی جانب سے انتخابی تیاری نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ناگیندر کو سرگرم ہونے کی ہدایت دی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی ناگیندر گریٹر حیدرآباد کی ساری ذمہ داری خود نبھانا چاہتے ہیں اور امیدواروں کے انتخاب میں مکمل آزادی دینے پر زور دے رہے ہیں، جب کہ ضلع رنگا ریڈی کی نمائندگی کرنے والے کانگریس قائدین اس سے اتفاق نہیں کر رہے ہیں اور شہر حیدرآباد کے کانگریس قائدین ڈی ناگیندر کی تجویز پر اعتراض کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے پارٹی میں تنازعہ پیدا ہو گیا ہے اور ڈی ناگیندر خود کو پارٹی سرگرمیوں سے دور رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد پہنچ کر ڈی ناگیندر کو بات چیت کے لئے طلب کیا ہے۔ دریں اثناء صحافیوں کے استفسار پر ڈی ناگیندر نے کہا کہ ان کے سرپر نہ تو تلوار لٹک رہی ہے اور نہ ہی انھیں صدارت سے ہٹایا جائے گا۔ وہ صدر ریاستی کانگریس کی طلبی پر ان سے ملاقات ضرور کریں گے۔