حیدرآباد /16 جنوری (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا وجے واڑہ کے کانگریس رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راج گوپال نے سیما۔ آندھرا کے 6 ارکان پارلیمنٹ کو اے آئی سی سی سیشن کے پاسیس جاری نہ کرنے کے فیصلہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیر قرار دیا اور ہائی کمان سے آر پار کی لڑائی لڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے حقوق سلب کرنے کا کسی کو اختیار نہیں ہے اور بحیثیت کانگریس رکن انھیں اے آئی سی سی پلینری سیشن میں شرکت کا مکمل اختیار ہے۔ انھوں نے دہلی پہنچ کر ہائی کمان سے ملاقات کرنے کا اعلان کیا۔
انھوں نے حکومت کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد نوٹس پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کانگریس حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس نہیں پیش کی، بلکہ یو پی اے حکومت کے خلاف پیش کی تھی۔ سیما۔ آندھرا کے کئی مقامات پر نئی سیاسی پارٹی کے بیانرس لگانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پارٹی کے بیانرس کس نے لگائے ہیں؟ وہ اس سے واقف نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی عوام کی اکثریت علحدہ ریاست کے خلاف ہے، لہذا عوامی جذبات پیش کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جب کہ ہم اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ قائدین نے گمراہ کرتے ہوئے ہائی کمان کو تلنگانہ کی تائید میں فیصلہ پر مجبور کیا ہے، جب کہ ہم فیصلہ غلط ہونے کا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔