کانگریس کے 50 سالہ اقتدار میں ملک پسماندگی کا شکار

حسن آباد میں جلسہ عام ۔ صدر ٹی آر ایس کے سی آر کا خطاب ۔ بی جے پی پر تنقید سے گریز
حسن آباد 7 ستمبر ( پی ٹی آئی ) اسمبلی کی تحلیل کے ایک دن بعد ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے ایک جلسہ عام کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا اور انہوں نے کانگریس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اس پارٹی کا 50 سال کا اقتدار بے کار اور کرپشن سے پر رہا ہے ۔ تلنگانہ کابینہ نے کل ہی قرار داد منظور کرتے ہوئے اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کیا تھا ۔ چندر شیکھر راؤ نے حسن آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں ایک بنیادی سوال کرنا چاہتے ہیں۔ حسن آباد ایک سیاسی با شعور مقام ہے اور یہاں وہ عوام سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ اس بات پر غور کریں۔ کانگریس نے اس ملک پر 50 برس تک حکمرانی کی ہے اور اسی بے کار اور کرپشن سے پر حکمرانی کی وجہ سے نہ صرف حسن آباد ‘ نہ صرف تلنگانہ بلکہ سارا ملک غربت کا شکار ہوا ہے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کیا یہ ایسے قائدین ہیں جنہیں ہم نہیں جانتے ؟ ۔ کیا یہ وہ لوگ ہیں جو آسمان سے آئے ہیں۔ وہ کہاں سے آئے ہیں۔ پچاس سال تک ملک پر کس نے حکمرانی کی ہے ۔ ٹی آر ایس نے ریاست بھر میں 100 انتخابی جلسے منعقد کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس میں آج کا جلسہ پہلا تھا ۔ کے سی آر نے 2014 میں بھی اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا حسن آباد ہی سے آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کانگریس پر کل بھی شدید تنقید کی تھی اور آج بھی انہوں نے اس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس ان کی دشمن نمبر ایک ہے ۔ انہوں نے کانگریس صدر راہول گاندھی کو ملک کا سب سے بڑا مسخرا قرار دیا تھا ۔ انہوں نے تاہم بی جے پی پر تنقیدوں سے مکمل گریز کیا ہوا ہے ۔ اسمبلی کی تحلیل کی ذمہ داری کانگریس پر عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی نے ان کی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں اور بیوروکریسی کے حوصلے پست کئے ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو دہلی سے کنٹرول کیا جاتا ہے جبکہ ان کی پارٹی چاہتی ہے کہ ریاست میں فیصلہ سازی کا اختیار ریاست ہی میں رہے ۔ انہوں نے اپنی حکومت کی کئی فلاحی اسکیمات کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا ۔