حیدرآباد /13 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی آئندہ ماہ 150 لوک سبھا امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جب کہ پردیش کانگریس نے 15 موجودہ ارکان پارلیمنٹ کی فہرست ہائی کمان کو روانہ کردی ہے۔ واضح رہے کہ چار ریاستوں میں کانگریس کی شکست کے بعد اے آئی سی سی کے نائب صدر راہول گاندھی عوامی تائید حاصل کرنے کے لئے نئی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہیں، جب کہ تمام ریاستوں کے صدور پردیش کانگریس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چند ارکان پارلیمنٹ کے نام ہائی کمان کو روانہ کریں۔ باوثوق ذرائع کے بموجب صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا نے 15 ارکان پارلیمنٹ کی جو فہرست دہلی روانہ کی ہے،
اس میں مسز کے کروپا رانی (سریکا کلم)، بی جھانسی (وجیا نگرم)، پلم راجو (کاکیناڈا)، کے ایس راؤ (ایلور)، پی لکشمی (باپٹلہ)، ایم سرینواس ریڈی (انگول)، چنتا موہن (تروپتی)، کے سوریہ پرکاش ریڈی (کرنول)، جے پال ریڈی (چیوڑلہ)، بلرام نائک (محبوب آباد)، مدھو گوڑ یشکی (نظام آباد)، جی سکھیندر ریڈی (نلگنڈہ)، انجن کمار یادو (سکندرآباد)، راجیا (ورنگل) اور سروے ستیہ نارائنا (ملکاجگری) کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے بموجب ریاست کی تقسیم کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر پردیش کانگریس نے پارٹی کے وفادار ارکان پارلیمنٹ کی فہرست ہائی کمان کو روانہ کی ہے، جب کہ یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کرنے والے سیما۔ آندھرا کے 6 ارکان پارلیمنٹ کے ناموں کو فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔