دوسری میعاد کے لیے مساعی ، ڈی سرینواس اور دیگر کی بھاگ دوڑ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس اور حافظ پیر شبیر احمد کے بشمول کانگریس کے 5 ارکان قانون ساز کونسل کی آئندہ سال میعاد مکمل ہورہی ہے ۔ ڈی سرینواس دوسری میعاد کے لیے کوشش کررہے ہیں اس کے علاوہ پنالہ لکشمیا ، پونم پربھاکر ، جی ویویک ، ڈی سریدھر بابو کے ساتھ دامودھر راج نرسمہا کونسل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنی اپنی کوشش کررہے ہیں ۔ حالیہ عام انتخابات 2014 میں شکست سے دوچار ہونے والے کانگریس کے قائدین کونسل میں داخل ہونے کے لیے بے چین ہیں اور دہلی میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ آئندہ سال مئی تک تلنگانہ سے کونسل کے لیے 22 نئے امیدواروں کا انتخاب ہوگا ۔ مارچ میں ارکان اسمبلی کے کوٹہ سے 7 گریجویٹ کوٹہ سے 2 اور گورنر کوٹہ میں ایک رکن کا انتخاب ہوگا ۔ ارکان اسمبلی کے کوٹہ سے منتخب ہونے والے ارکان کی میعاد مکمل ہورہی ہے ۔ دوبارہ انتخاب کے لیے فروری میں اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے ۔ ارکان اسمبلی کے کوٹہ میں جن 5 ارکان کی میعاد مکمل ہورہی ہے ۔ ان میں قائد اپوزیشن مسٹر ڈی سرینواس اور حافظ پیر شبیر احمد شامل ہیں ۔ باقی تین ارکان ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مسٹر ڈی سرینواس اپنے حالیہ دورے دہلی کے دوران پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں دوسری میعاد کے لیے امیدوار بنانے کی اپیل کی ہے ۔ اس کے علاوہ ڈی سرینواس پارٹی کے دوسرے سینئیر قائدین سے بھی ملاقات کی ہے اور پارٹی ہائی کمان سے مثبت ردعمل حاصل ہونے کی امید کررہے ہیں ۔ عام انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا بھی کونسل کی نشست حاصل کرنے کے لیے دوڑ دھوپ کررہے ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وہ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا سابق مشیر اعلی ریاستی حکومت ڈاکٹر کے وی رامچندر راؤ کی مدد سے کانگریس ہائی کمان کے پاس اپنی نمائندگی کررہے ہیں ۔ سابق ارکان پارلیمنٹ مسٹر پونم پربھاکر مسٹر جی ویویک سابق ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودھر راج نرسمہا سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی سریدھر بابو بھی کوشش کررہے ہیں ۔ مقامی اداروں سے کونسل کے لیے منتخب ہونے والے زمرے میں سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر کے راجگوپال ریڈی ضلع نلگنڈہ سابق وزیر داخلہ مسز سبیتا اندرا ریڈی ضلع رنگاریڈی سے اپنی اپنی قسمت آزمانے کی تیاری کررہی ہیں ۔۔