حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر ایم ایس پربھاکر نے صدر نشین تلنگانہ کونسل پر ٹی آر ایس کے دباؤ میں کام کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج صدر نشین تلنگانہ کونسل مسٹر سوامی گوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس سے انحراف کر کے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے 9 ارکان قانون ساز کونسل کی رکنیت منسوخ کرنے کے لیے پھر ایک مرتبہ یادداشت پیش کی بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پربھاکر نے کہا کہ مسٹر سوامی گوڑ کانگریس کے 9 ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے ووٹ دینے پر صدر نشین منتخب ہوئے ہیں ۔ اس لیے وہ کانگریس کی جانب سے یادداشت پیش کرنے کے باوجود کانگریس سے دغا بازی کرنے والے ارکان کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے سے گریز کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے صدر نشین سے مسلسل نمائندگی کرنے کے باوجود صدر نشین سے مثبت ردعمل نہ ملنے پر ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے ۔ ہائی کورٹ نے مسئلہ کو دوبارہ صدر نشین کونسل سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ جس کی وجہ سے آج پھر ایکبار صدر نشین کونسل سے ملاقات کرتے ہوئے 9 کانگریس کے ارکان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ہم گذشتہ 7 ماہ سے بار بار صدر نشین کونسل کو یادداشت پیش کررہے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے صدر نشین کونسل مسٹر سوامی گوڑ ٹی آر ایس کے دباؤ میں کام کررہے ہیں ۔ کانگریس کے 9 ارکان نے جو پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کی ہے ان کی آئندہ ایک ماہ میں میعاد مکمل ہونے والی ہے ۔ میعاد ختم ہونے سے قبل ان ارکان کی رکنیت منسوخ کردینی چاہئے ۔۔