کانگریس کے مسلم قائدین کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے مسلم قائدین نے گاندھی بھون میں احتجاج کرتے ہوئے ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں سے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ کھمم کے مسلمانوں نے رینوکا چودھری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے یونس سلطان کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا نے ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کرنے اور مسلم قائدین کو ضرور اہمیت دینے کا تیقن دیا۔ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے کنوینر مسٹر میر ہادی علی سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی، مسٹر محمد اسمعیل حسین، مسٹر محمد عثمان، مسٹر محمد جہانگیر، مسٹر اسمعیل الربانصاری، مسٹر خواجہ ذاکر الدین، مسٹر خواجہ غیاث الدین، مسٹر محمد امجد، مسٹر محمد معراج خان، مسٹر اعجاز خان کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ کانگریس کے مسلم قائدین گاندھی بھون میں احتجاج کرتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی تائید میں نعرے لگاتے ہوئے پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران مسلمانوں سے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے قائدین نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے۔ 2004ء اور 2009ء میں مسلمانوں کی تائید سے کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا ہے۔ تاہم عہدوں اور ٹکٹوں کی تقسیم میں ہمیشہ مسلمانوں سے ناانصافی ہوئی ہے۔ ہر الیکشن میں مسلمانوں کو کونسل یا پھر راجیہ سبھا اور نامزد عہدوں پر نمائندگی دینے کا تیقن دیا جاتا ہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں انصاف نہیں کیا جاتا مگر کانگریس کے 10 سالہ حکومت میں مسلمانوں کو نامزد عہدے بھی نہیں دیئے گئے،

جس سے مسلمانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے اس کو دور کرنا کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے احتجاجی مسلم قائدین کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اس مرتبہ ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں سے انصاف کرے گی۔ آبادی کے تناسب سے ٹکٹیں تقیسم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ضلع کریم نگر کے چند مسلم قائدین بھی گاندھی بھون پہنچ کر احتجاج کیا اور مسلم قائد کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر گاندھی بھون میں موجود کانگریس کے پونم پربھاکر نے احتجاجی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کریم نگر میں ان سے نمائندگی کرنے کے بجائے یہاں پہنچ کر کیوں احتجاج کررہے ہیں۔ کھمم کے مسلم قائدین اور کارکنوں کے ایک وفد نے گاندھی بھون پہنچ کر کانگریس کی رکن راجیہ سبھا مسٹر رینوکاچودھری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان پر پارٹی سے غداری کرنے کا الزام عائد کیا اور اسمبلی حلقہ کھمم سے یونس سلطان کو ٹکٹ نہ دینے کی صورت میں سارے ضلع میں کانگریس کے خلاف کام کرنے کا انتباہ دیا۔ اس طرح آج دن بھر گاندھی بھون میں شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے مسلم کانگریس قائدین اور کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے آبادی کے تناسب سے مسلمانوں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ آج گاندھی بھون میں پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کا اجلاس جاری تھا۔ اس وقت مسلم قائدین اور کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا اور مسلمانوں سے انصاف کرو کے نعرے لگائے۔