حیدرآباد۔ 04 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ مزید ارکان اسمبلی کے ٹی آر ایس میں شمولیت کے امکانات موہوم ہیں کیوں کہ مقننہ پارٹی اجلاس میں شریک ارکان نے پارٹی میں برقرار رہنے کا یقین دلایا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ ان کے بارے میں بھی مختلف اطلاعات گشت کررہی ہیں لیکن وہ کسی بھی صورت میں پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹیوں کی تبدیلی سے وہ عاجز آچکے ہیں، اب مزید کوئی تجربہ کرنا نہیں چاہتے۔ سنگاریڈی کی ترقی کے لیے رکن اسمبلی کی حیثیت سے وہ ہر ممکن مساعی کریں گے۔ جگاریڈی نے کہا کہ مجھے کوئی بھی پارٹی خرید نہیں سکتی۔ انہوں نے پارٹی اور قائدین سے کہا کہ وہ ان کے بعض بیانات سے غلط فہمی کا شکار نہ ہوں۔ وہ میڈیا کے ذریعہ سنگاریڈی کے مسائل اور بعض دیگر حقائق کو منظر عام پر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کے لیے قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس اعلی کمان لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں بہتر حکمت عملی طے کرے گا۔