تلنگانہ کے سینئر قائدین کا اجلاس، مختلف مسائل پر غور و خوض
حیدرآباد /2 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے کانگریس سے مستعفی ہوکر دیگر جماعتوں میں شامل ہونے والے تین سابق صدور پردیش کانگریس کی تصاویر گاندھی بھون سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ کے سینئر کانگریس قائدین کا آج گاندھی بھون میں غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی سرینواس کے استعفی اور دیگر مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی، قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، سابق وزیر ڈی سریدھر بابو، سابق رکن پارلیمنٹ وٹھل راؤ اور دیگر موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کانگریس سے مستعفی ہوکر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے سابق صدور پردیش کانگریس ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ڈی سرینواس اور بی ستیہ نارائنا کی گاندھی بھون سے تصاویر ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔