حیدرآباد /15 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ پارٹی میں رہ کر پارٹی سے بغاوت کرنے والوں پر کانگریس نے اپنی نظر مرکوز کر رکھی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کس سے اتحاد کرے گی؟ وہ ناواقف ہیں، اس کا فیصلہ انٹونی کمیٹی کرے گی، جب کہ وہ کمیٹی کے رکن بھی نہیں ہیں، لہذا مسئلہ پر تبصرہ کرنا ان کے لئے مناسب نہیں ہے۔ آندھرا پردیش میں کانگریس ارکان اسمبلی کی امکانی بغاوت کا راجیہ سبھا کے انتخابات پر اثر پڑنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان اپنے ارکان اسمبلی کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے،
علاوہ ازیں راجیہ سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کے پاس حکمت عملی موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2014ء کے عام انتخابات کے لئے کانگریس نے طاقتور اور عوامی مقبولیت کے حامل امیدواروں کا انتخاب شروع کرچکی ہے۔ آندھرا پردیش کے بشمول ملک کی مختلف ریاستوں میں کانگریس مبصرین پہنچ کر اپنا کام کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی کافی مستحکم ہے، اس کے باوجود ایسے ارکان کا انتخاب کیا جائے گا، جس سے پارٹی مزید مستحکم ہوسکے۔ واضح رہے کہ صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا لوک سبھا انتخابات کے لئے 15 ارکان پارلیمنٹ کی فہرست پارٹی ہائی کمان کو روانہ کرچکے ہیں، جس پر ڈگ وجے سنگھ راہول گاندھی اور اے کے انٹونی سے تبادلہ خیال کریں گے۔