کانگریس کے باغی امیدوار اے پربھاکر ریڈی کو راجیہ سبھا کیلئے کامیاب بنانے کی اپیل: جے سی دیواکر ریڈی

حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھرا کی آواز بلند کرنے والے کانگریس کے باغی امیدوار مسٹر اے پربھاکر ریڈی کوکامیاب بنایا جائے گا۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھرا کا پرچم بلند کرنے کیلئے اے پربھاکر ریڈی نے راجیہ سبھا کے ضمنی انتخابات میں پرچہ نامزدگی داخل کی ہے۔ ہم گذشتہ ایک سال سے متحدہ آندھرا کی تحریک چلا رہے ہیں اور اس مہم سے وہ ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بار بار غلطیاں کررہی ہے چوتھے امیدوار کے طور پر متحد آندھرا کے قائد کو انتخابی میدان میں نا اتارتے ہوئے اور ایک بڑی غلطی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نشستوں پر قبضہ جمانے کیلئے مقابلہ نہیں کررہے ہیں بلکہ ریاست کو متحد رکھنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ اشوک بابو امیدوار نہیں ہے وہ صرف امیدوار کی تائید کررہے ہیں۔ سابق ریاستی وزیر نے کہا کہ ریاست کو متحد رکھنے کیلئے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کے بشمول کسی سے بھی ملاقات کرنے کیلئے تیار ہونے کا اعلان کیا۔ کانگریس کے باغی امیدوار کے انتخابی میدان میں رہنے سے کسی بھی متحدہ آندھرا کے حامی امیدوار کو شکست نہ ہونے کا دعویٰ کیا۔ راجیہ سبھا امیدوار کو ووٹ دینے پر ارکان اسمبلی کو ’’ولووبس‘‘ تحفہ میں دینے کا اعلان کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہاکہ انہوں نے مذاق میں ریمارک کیا تھا جس کو میڈیا نے بات کا بتنگڑ بنادیا۔