کانگریس کے باغی ارکان کونسل کے خلاف صدر نشین کونسل کو نوٹس دینے کا اعلان

رکنیت منسوخ کرنے کی مساعی، ٹی آر ایس پر لالچ دینے کا الزام: ڈی سرینواس
حیدرآباد /27 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد اپوزیشن کونسل ڈی سرینواس نے کانگریس سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے کانگریس کے 5 ارکان کونسل کی رکنیت منسوخ کرنے کے لئے صدر نشین کونسل کو نوٹس دینے کا اعلان کیا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہر میں دستیاب کانگریس کے ارکان قانون ساز کونسل کا آج ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں 5 ارکان کونسل کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا جائزہ لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ان ارکان کا پارٹی تبدیل کرنا کوئی اچانک اقدام نہیں ہے، اگر اچانک اقدام ہوتا تو وہ پہلے کانگریس سے مستعفی ہوتے، کیونکہ کانگریس سے مستعفی ہوئے بغیر کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونا جرم کے مترداف ہے، جس کے خلاف کانگریس پارٹی سخت اقدامات کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے ان 5 ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کے لئے صدر نشین سے رجوع ہونے کی منظوری دی ہے، لہذا کل صدر نشین کو درخواست پیش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ان ارکان کونسل نے پارٹی مفادات پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی ہے، ماضی میں چند ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے لالچ دینے کا کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا تھا۔ انھوں نے اس معاملے میں صدر نشین کونسل کو کوئی دباؤ قبول نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے 5 ارکان کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے کانگریس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ کانگریس کے لئے بحران کوئی نئی بات نہیں ہے اور نہ ہی اقتدار سے محروم ہونے پر پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت ہے۔ مخالف حکومت لہر اور کانگریس قائدین کی کوتاہیوں سے کانگریس کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔