کانگریس کے اندرونی معاملات کو منظر عام پر نہ لانے کا مشورہ

پارٹی کے استحکام پر زور ، صدر ٹی پی سی سی پنالہ لکشمیا
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے پارٹی قائدین کو پارٹی کے اندرونی معاملت کو منظر عام پر نہ لانے کا مشورہ دیا اور پارٹی کے استحکام کے لیے متحدہ طور پر کام کرنے پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ پارٹی سکریٹریز کے اجلاس میں چند سکریٹریز نے کھل کر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ دوسرے سابق وزراء کو ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا نے بھی اس پر سوالیہ نشان لگایا تھا ۔ قائد مقننہ کانگریس مسٹر کے جانا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے بھی پارٹی قیادت کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ جس پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ پارٹی میں جمہوریت ہے اور حق اظہار رائے کی آزادی ہے ۔ پارٹی قائدین اس کا بیجا استعمال نہ کریں ۔ بلکہ حدود میں رہ کر اظہار خیال کریں ۔ پارٹی حدود پار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شخصیت اور عہدے کا کوئی پاس و لحاظ نہیں رکھا جائے گا ۔ پارٹی کے قائدین پارٹی حلقوں میں ہر بات کرسکتے ہیں یا ہائی کورٹ کو کوئی بھی تجاویز پیش کرسکتے ہیں اس کی انہیں مکمل آزادی ہے اور رہے گی ۔ مگر پارٹی کے اندرونی معاملات کو میڈیا میں اچھالنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے ۔ 10 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد مخالف حکومت لہر سے کانگریس کو نقصان پہونچا ہے ۔ پارٹی کو عوام کا فیصلہ قبول ہے ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ کانگریس کے قائدین متحد ہوجائیں عوامی مسائل اور حکومت کی اسکیمات اور پالیسیوں پر نظر رکھیں ۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور کے ذریعہ جو وعدے کئے ہیں اس کی عمل آوری کا جائزہ لیں اگر حکومت صرف زبانی جمع خرچ تک محدود ہے تو اس کے خلاف احتجاج شروع کریں ۔ 21 تا 31 جولائی اضلاع کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اسمبلی سطح پر پارٹی کی شکست کا جائزہ لیا جائے گا ۔ تمام اضلاع کے اجلاس مکمل ہونے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی طئے کی جائے گی ۔۔