انتخابی منشور اور تشہیری کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر سے نقصان کا اندیشہ۔ آر سی کنٹیا کو تجاویز
حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) دو روزہ مصروف ترین دورے پر حیدرآباد پہنچنے والے اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس اُمورآر سی کنٹیا نے آج گاندھی بھون میں تقریباً 8 گھنٹوں تک کانگریس کے 30 قائدن سے ’ ’ ون ٹو ون ‘‘ بات چیت کی، مختلف اُمور پر ان کی رائے و تجاویز حاصل کی گئی۔ سینئر قائدین نے دوسری جماعتوں سے کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین کو دہلی میں شامل کرنے کے بجائے حیدرآباد میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ناموں کی فہرست کا کم از کم 6 ماہ قبل اعلان کرنے، انتخابی کمیٹی اور انتخابی تشہیری کمیٹی بھی عین انتخابات سے قبل تشکیل دینے کے بجائے معقول وقت پیشتر تشکیل دینے پر زور دیا تاکہ منشور کو عوام تک پھیلانے میں وقت مل سکے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل تمام اسمبلی حلقوں کے انچارجس کو بھی نامزد کرنے کا مشورہ دیا۔ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی راہول گاندھی کی ہدایت پر حیدرآباد پہنچنے والے آر سی کنٹیا نے کانگریس کے قائدین میں اتحاد پیدا کرنے کے ساتھ انتخابی حکمت عملی تیار کرنے کا عملاً آغاز کردیا۔ 50 شہری قائدین سے ملاقات کرنے کی فہرست تیار کرنے والے کنٹیا نے پہلے دن ہی 30 قائدین سے ملاقات کی۔ تمام قائدین سے مشترکہ طور پر ملاقات کرنے کے بجائے تنہائی میں قائدین سے ’’ دو بہ دو ‘‘ بات چیت کرتے ہوئے ان کے من کی بات جاننے کی کوشش کی۔ بیشتر قائدین سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی سے کوئی ٹکراؤ یا نظریاتی اختلافات کے بارے میں بھی رائے حاصل کی گئی۔ وہ کیا چاہتے ہیں اور پارٹی کو کیا کرنا چاہیئے جیسے سوالات کرنے کے بعد تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل جدید سے بھی انہیں واقف کراتے ہوئے بتایا گیا کہ سرگرم رول ادا کرنے والے قائدین کو کمیٹی میں شامل رکھتے ہوئے ذمہ داریوں سے دوری اختیار کرنے والے قائدین کو علحدہ کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے ’’ الیکشن ڈریم ٹیم ‘‘ کی تشکیل کیلئے چند ناموں کی سفارش کرنے کی ہدایت دی۔ اضلاع اور سٹی کمیٹیوں کی تشکیل جدید پر بھی مشاورت کی گئی۔ سینئر قائدین نے انتخابات سے قبل پارٹی کو سرگرم رول ادا کرنے کیلئے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے اور کیڈر کو اعتماد میں لے کر کام کرنے کا مشورہ دیا۔ آر سی کنٹیا نے پارٹی کے تمام قائدین کو راہول گاندھی کا پیغام پہنچاتے ہوئے نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجانے کا مشورہ دیا۔ چند قائدین نے اتم کمار ریڈی پر انہیں اعتماد میں نہ لینے کی بھی شکایت کی۔ قائدین و اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) اور محمد علی شبیر ( کونسل )، سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت راؤ، سابق مرکزی وزراء سروے ستیہ نارائنا، بلرام نائیک، سابق زراء گیتا ریڈی، سبیتا اندرا ریڈی،کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ڈی ناگیندر، ایم ششی دھر ریڈی، سابق ارکان پارلیمنٹ ملوروی، ایم انجن کمار یادو، مختلف اضلاع کانگریس کے صدور نے بھی آر سی کنٹیا سے ملاقات کی۔ یکم فبروری کو ریونت ریڈی شہر کی کسی ہوٹل میں انچارج سکریٹری سے ملاقات کریں گے۔
… : کیپٹن کلیم پر قاتلانہ حملہ کیس :…
کلیدی ملزم سعود عمودی کی درخواست پیشگی ضمانت مسترد
حیدرآباد ۔31جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد ہائیکورٹ نے اکرام الدین کلیم عرف کیپٹن کلیم پر قاتلانہ حملہ کیس کے کلیدی ملزم سعود عمودی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کو مسترد کردیا ہے ۔ 10جنوری کو سعود عمودی نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں فروٹ اعجاز اور دیگر روڈی شیٹرس کی مدد کلیم پر ان کے اپارٹمنٹ میں قاتلانہ حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے ۔ پولیس ہمایوں نگر اس کیس میں ملوث پانچ ملزمین کو گرفتار کیا تھا جب کہ سعود عمودی ہنوز پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ عمودی نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر درخواست ضمانت قبل از گرفتاری داخل کی تھی جس پر جسٹس ٹی رجنی نے استغاثہ کو اس سلسلہ میں اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔